اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہمارے آئین میں جن حقوق کی ضمانت دی گئی ہے وہ ہر شہری اور خاص طور پر کمزوروں کے لیے تحفظ کو یقینی بنانا ہے ‘سب سے بڑا چیلنج جی وی بی، بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور خواجہ سراوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کے لیے سماجی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہے جو پہلے سے موجود قوانین کے باوجود ہوتا ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ ٹوئٹ پیغام میں شیریں مزاری نے لکھا کہ سب سے بڑا چیلنج جی وی بی، بچوں کے ساتھ بدسلوکی اور خواجہ سراوں کو نشانہ بنانے سے روکنے کے لیے سماجی ذہنیت کو تبدیل کرنا ہے جو پہلے سے موجود قوانین کے باوجود ہوتا ہے۔
شیریں مزاری نے لکھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں کہ ہمارے آئین میں جن حقوق کی ضمانت دی گئی ہے وہ ہر شہری اور خاص طور پر کمزوروں کے لیے تحفظ اور یقینی بنایا جائے۔انہوں نے مزید لکھا کہ یہ ایک مشکل راستہ ہے لیکن ہم قانون سازی کے خلا کو پر کرنے اور قوانین کو نافذ کرنے کے ذریعے آگے بڑھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 10 دسمبر کو دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جارہا ہے، یہ دن 1948ئ میں اقوام متحدہ میں منظورکردہ انسانی حقوق کے ایسے شاندار عالمی منشور کی یاد دلاتا ہے جسے یونیورسل ڈیکلریشن آف ہیومن رائٹس کا نام دیا گیا۔