کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز حسن راجہ نے کہاہے کہ ہماری کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو غیر ملکی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی۔منگل کوپاکستان اسٹاک ایکسچینج کے دورے کے موقع پر رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان میں لوگ کرکٹ کو پسند کرتے ہیں، ہمیں اپنے کرکٹ گرائونڈ کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے، ہماری پچز اور گراس روٹ کرکٹ کا بہت برا حال ہے، ہمارے پاس اسکول اور کالجوں کے بعد فرسٹ کلاس کرکٹ بھی اچھی نہیں،جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی، آہستہ آہستہ چیزیں بہتر ہوں گی۔
انہوں نے کہاکہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے جانے سے دو باتوں کا اندازہ ہوا، ایک یہ کہ اگر آپ کی ٹیم نمبر ون ہو تو ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، دوسری یہ کہ اگر کرکٹ اکانومی اچھی ہو تو بھی ٹیمیں واپس نہیں جائیں گی، ہمارے پڑوسی ملک میں سرمایہ کاری سے کرکٹ بہت آگے نکل گئی۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہاکہ ہماری ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے بہتر ٹیم بنائیں۔ ہماری کرکٹ آئی سی سی کی فنڈنگ پر چل رہی ہے،
ہمارے مقامی سرمایہ کاروں کی حصہ داری کم ہے، ہمیں کرکٹ کی معیشت کو درست کرنا ہے، میرا کراچی آنے کا مقصد ہے کہ کرکٹ اکانومی میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے، ہم قومی کرکٹ کو نمبر ون بنانے کے لئے کام کریں گے، بزنس کمیونٹی اور ہمیں ایک پیج پر ہونا ہوگا، بزنس کمیونٹی آگے آئے اور ہم کام کریں گے، ہمیں بہت کام کرنا ہے اور ہم کرکے دکھائیں گے۔رمیز راجہ نے کہاکہ میں ملکی تاریخ میں چوتھا کرکٹر ہوں جو چیئرمین پی سی بی بنا ہے۔قابل ازیں پی سی بی چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس)کے دورے کے موقع پرروایتی گھنٹہ بجاکر دن کی ٹریڈنگ کا آغاز کیا۔









