لاہور (رپورٹنگ آن لائن) مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ہماری لیڈرشپ پر چار سالوں سے جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں۔
عظمی بخاری نے فیاض چوہان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چوہان صاحب آپ اب صرف دیواروں میں ٹکریں ہی ماریں گے، فیاض چوہان کی زبان آج ان کا ساتھ نہیں دے رہی ہے۔ عظمی بخاری نے کہا ہے کہ ٹی ٹی کے غبارے سے بھی ہوا نکل چکی ہے، پہلے پاکستان کی عدالتوں سے آپ کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اب برطانیہ کی عدالت نے بھی آپ کے جعلی وزیراعظم کے الزامات کو جھوٹا قراردے دیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جھوٹ کا دفاع زیادہ دیر نہیں ہوسکتا ،لیکن اس ٹولے نے بنی گالہ کمپنی سے باقاعدہ جھوٹ کی تربیت لی ہے، اگر آپ لوگوں میں تھوڑی سی شرم ہوتی تو ڈوب مرتے۔ عظمی بخاری نے کہا ہے کہ شریف فیملی نے تین نسلوں کا حساب دے دیا ہے، عمران خان علیمہ باجی کی سلائی مشین کا حساب نہیں دے سکے، ہماری لیڈرشپ پر چار سالوں سے جھوٹے مقدمات بنائے جارہے ہیں لیکن الحمد اللہ ہر جھوٹے مقدمے میں ہم عدالتوں سے سرخرو ہورہے ہیں۔
مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے مزید کہا ہے کہ میاں نواز شریف اور شہبازشریف نے محنت اور دیانتداری سے قوم کی خدمت کی ہے، عمران خان حکومتی مشنری اور ایجنسیوں کے استعمال کے باوجود ہماری قیادت کے خلاف ایک ثبوت بھی عدالت میں پیش نہیں کرسکے۔