سینیٹر شبلی فراز

ہم نہیں چاہتے اسلام آباد میں ٹینکر مافیاز جنم لے،سینیٹر شبلی فراز

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ ہم نہیں چاہتے اسلام آباد میں ٹینکر مافیاز جنم لے،پانی کے منصوبے سے اسلام آباد کے سیکٹر Iـ10 کے علاقہ مکینوں کے سب سے بڑے مسئلے پانی کی قلت کا خاتمہ ہوگا،بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے اقدامات کررہے ہیں ۔

وزارت سائنس کے ادارے پی سی آر ڈبلیو آر اور سی ڈی اے کے درمیان پانی کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیئے گئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر،معاون خصوصی برائے سی ڈی اے اور چیئرمین سی ڈی اے محمد عامر نے شرکت کی،وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نہیں چاہتے کہ اس شہر میں بھے ٹینکر مافیاز جنم لے۔

انہوںنے کہاکہ پانی کے منصوبے سے اسلام آباد کے سیکٹر Iـ10 کے علاقہ مکینوں کے پانی کی قلت کا خاتمہ ہوجائیگا۔شبلی فراز نے کہاکہ بارشوں کا پانی زمین میں جا کر جمع نہیں ہوتا جس کے باعث پانی ضائع ہوجاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ایسے اقدام اٹھائیں گے جو زمین کے اندر سے بھی پانی جمع کر سکے۔ انہوںنے کہاکہ اگلے دو سے تین سالوں میں صاف پانی کی فراہمی پورے اسلام آباد کو میسر ہوگی۔