بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کی ریاستی کونسل کے تائیوان امور کے دفتر کے ترجمان چھن بین حوا نے تائیوان خطے کے رہنما کی جانب سے حال ہی میں کی گئی نام نہاد “اتحاد کے نام دس تقاریر ” پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ لائی چھنگ دہ کی گزشتہ روز کی تقریر نے ایک بار پھر اس کے “بیرونی قوتوں اور فوجی طاقت پر انحصار کرتے ہوئےعلیحدگی کی جستجو ” کے مذموم عزائم کو بے نقاب کیا ہے۔اس سے ظاہر ہواہے کہ وہ سراسر ایک ‘امن توڑنے والا’، ‘جنگی جنون پھیلانے والا’ اور ‘ مسائل پیدا کرنے والا’ ہے۔
بدھ کے روز ترجمان نے کہا کہ لائی چھنگ دہ کا نام نہاد “جمہوری ریاستوں کے ساتھ کھڑا ہونا” دراصل کچھ بیرونی قوتوں کی حمایت اور حوصلہ افزائی کے بدلے “پروٹیکشن فیس” کی ادائیگی میں اضافہ ہے۔ “تائیوان کی علیحدگی” تائیوان کے لئے سب سے بڑی آفت ہے۔ جب تک”تائیوان کی علیحدگی” کو ختم نہیں کیا جائےگا تب تک آبنائے تائیوان میں امن قائم نہیں ہوگا۔ آبنائے کے دونوں اطراف ایک چین کے حصے ہیں۔ ہم “تائیوان کی علیحدگی” کی کسی بھی کارروائی کو کبھی برداشت نہیں کریں گے، اور ہمارے پاس قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے اور تمام علیحدگی پسند کوششوں کو ناکام بنانے کا پختہ عزم اور مضبوط صلاحیت موجود ہے۔