اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی 3 سال کی حکومت میں مجموعی قرضے 399 کھرب تک پہنچ گیا ہے ، ہر پاکستانی اب 1 لاکھ 75 ہزار کا مقروض ہو چکا ہے۔
نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف نے منشور میں قرض نا لینے کا دعوہ کیا تھا، حکومت میں آنے کے بعد تباہی سرکار کا پورا انحصار قرضوں پر ہے۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کے مطابق 3 سال کی بدترین حکمرانی کی وجہ سے قرضوں میں 149 کھرب روپے اضافہ ہوا ہے، تحریک انصاف کی 3 سال کی حکومت میں مجموعی قرضے 399 کھرب تک پہنچ گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 2018 سے اب تک مجموعی قرضوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے، 3 سال میں تباہی سرکار نے یومیہ 13.6 ارب روپے کا قرضہ لیا ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ نااہل حکومت ملک و عوام کو قرضوں کی دلدل میں دھکیل رہی ہے ، یہ قرضوں پر ملک چلا کر کہتے ہیں ملک اور معیشت ترقی کر رہے ہیں۔