شیری رحمان 13

ہر شہری کو مساوی مواقع فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، سینیٹر شیری رحمن

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہر شہری کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور اسے اپنی محنت کے مطابق بہتر زندگی گزارنے کے راستے دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، پاکستان کا ہدف ایک منصفانہ، خوشحال، مساوی اور ماحول دوست معاشرہ قائم کرنا ہونا چاہئے ۔

عالمی یومِ سماجی انصاف کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کے دن یہ عہد دہرانا ضروری ہے کہ ہر شہری کو مساوی مواقع اور انصاف تک مکمل رسائی حاصل ہو، پاکستان میں لاکھوں افراد روزانہ کی بنیاد پر معاشرتی اور اقتصادی معاونت کے محتاج ہیں، اس لئے ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ کمزور طبقات کو مؤثر تحفظ فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے لاکھوں خاندانوں کو مالی مدد فراہم کر کے ان کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کئے ہیں۔سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ یہ پروگرام نہ صرف غربت میں کمی کا باعث بنا ہے بلکہ خواتین، بچوں، بزرگوں اور دیگر کمزور طبقات کو تعلیم، صحت اور خوراک تک بہتر رسائی بھی فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حکومت کو مہنگائی اور ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے، وسائل کے مؤثر استعمال اور ضروری اصلاحات پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کو فروغ دینا، برابری کے مواقع بڑھانا اور ہر شہری کو معاشرتی یا اقتصادی محرومی سے محفوظ رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں