مراد علی شاہ 6

ہر انسانی جان قیمتی اور ہر انسان عزت و تحفظ کا حقدار ہے، سید مراد علی شاہ

کراچی(رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر انسانی خدمت گاروں اور امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت، حفاظت اور مشکل گھڑی میں متاثرین کا ساتھ دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کی دھرتی ہمیشہ محبت، رواداری، بھائی چارے اور انسان دوستی کی روایت کی امین رہی ہے، جبکہ سندھ کے عوام نے ہر مشکل اور آزمائش کی گھڑی میں مصیبت زدہ انسانوں کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی سندھ کی عظیم صوفیانہ اور انسانی اقدار ہیں۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھیوں کی پہچان محبت، مہمان نوازی، رواداری اور انسانیت سے جڑی ہوئی ہے۔

عالمی یومِ انسانیت ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ ہر انسانی جان قیمتی ہے اور ہر فرد عزت، تحفظ اور بنیادی حقوق کا حقدار ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگوں اور مختلف بحرانوں کے دوران عام شہریوں، طبی عملے اور امدادی کارکنوں کا تحفظ یقینی بنایا جانا چاہیے۔ امدادی کارکن انسانیت کے سفیر ہیں اور ان پر حملے عالمی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت انسانی ہمدردی، فلاح و بہبود اور ضرورت مند افراد کی مدد کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔

سندھ کی صوفیانہ روایت محبت، امن، برداشت اور انسانیت کا درس دیتی ہے اور ان اقدار کو معاشرے میں مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ انسانیت کے موقع پر ان تمام امدادی کارکنوں کو سلام پیش کیا جو اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر انسانیت کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور سندھی عوام امن، محبت اور انسانیت کا پیغام دنیا بھر میں فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔وزیراعلیٰ سندھ نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس عزم کی تجدید کریں کہ ایک دوسرے کی حفاظت، عزت اور ضرورت کے وقت مدد کو انسانیت کی سب سے بڑی ترجیح بنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں