اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپریم کورٹ آف پاکستان نے ہتک عزت کیس میں شہباز شریف کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے تین رکنی بینچ تشکیل دینے کا حکم دیدیا ۔
سماعت کے دوران جسٹس شاہد بلال حسن نے ریمارکس دیے کہ اس کیس کی کیا پوزیشن ہے؟ جس پر وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ یہ کیس اس وقت لاہور ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت ہے۔عدالت نے فریقین کے مؤقف سننے کے بعد کارروائی موخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی جبکہ آئندہ سماعت پر تشکیل دیے گئے بینچ کے روبرو کیس کو دوبارہ سنا جائے گا۔دوسری جانب القادر ٹرسٹ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منسوخی جبکہ توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت منسوخی کی درخواستیں غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دی گئیں۔
سپریم کورٹ نے 9 مئی لاہور واقعات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر تین رکنی بینچ بنانے کا حکم دیا۔عدالت نے سائفر کیس اور 9 مئی واقعات میں ضمانت منسوخی کی درخواستوں پر سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا کہ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے بانی پی ٹی آئی کے تمام کیسز کی سماعت کی، جو اس بات کا عندیہ ہے کہ ملک میں عدالتی نظام کی ایک بدترین مثال قائم کی جا رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ جن کیسز میں عمران خان کو ریلیف ملا، حکومت نے ان تمام مقدمات میں اپیلیں دائر کر دیں۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ سائفر کیس پاکستان کا مہنگا ترین ٹرائل تھا، جس کا انجام سب کے سامنے ہے جبکہ بانی پی ٹی آئی کے تمام لائیو کیسز اس وقت التواء کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ جب بھی سپریم کورٹ آف پاکستان آئے، عدالت عظمیٰ سے ہمیشہ ریلیف ملا تاہم اس کے باوجود ان کی ملاقاتوں پر پابندی عائد ہے اور کیسز کو مقرر ہی نہیں کیا جا رہا۔وکیل سلمان صفدر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی ایک عدالتی فورم پر انصاف نہ ملے تو اس فورم کو بائی پاس کر کے اعلیٰ فورم سے رجوع کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل گراؤنڈ کو آج تک عدالت میں بنیاد نہیں بنایا گیا اور نہ ہی میڈیکل بنیاد پر ضمانت مانگی گئی ہے تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ انہیں بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق لاعلم رکھا جائے۔
سلمان صفدر نے امید ظاہر کی کہ (آج) منگل تک ان کی ملاقات ہو جائیگی اور کہا کہ پچھلی ملاقات بھی چیف جسٹس کی وجہ سے ممکن ہوئی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے اور سردیوں کے خاتمے اور رمضان المبارک کی آمد سے قبل ان کی ضمانتوں کے کیسز مقرر کیے جائیں۔وکیل سلمان صفدر نے کہا کہ اس وقت تقریباً 50 کیسز زندہ ہیں اور سپریم کورٹ میں وہ تمام مقدمات موجود تھے جن میں حکومت نے ضمانتیں منسوخ کرنے کی استدعا کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملزم کو آنکھ کا تارا نہ بنایا جائے بلکہ سب کو برابری کی سطح پر رکھا جائے۔









