لاہور ہائی کورٹ

لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے منشیات کے ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی ،عدالت نے ملزم کے سابقہ ریکارڈ کی تفصیلات فراہم نہ کرنے پر ڈی پی او چنیوٹ سے اظہار ناراضگی بھی کیا۔

جسٹس سید شہباز علی رضوی نے منشیات کے ملزم مشرف خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ڈی پی او چنیوٹ عبداللہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ڈی پی او سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ملزم مشرف خان کے کیس کا کہہ معاملہ ہے۔ ڈی پی او نے جواب دیا کہ ملزم کے خلاف دو مقدمات ہیں ایک میں بری ہوچکا ہے ایک کا ٹرائل چل رہا ہے۔

جسٹس سید شہباز علی رضوی کے استفسار پر ڈی پی او نے بتایا کہ ملزم کے خلاف ایک کیس 2023ء کا چل رہا ہے۔ جسٹس سید شہباز علی رضوی نے ڈی پی او سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی چار گواہ ہوئے ،اس کے باقی گواہ جلد مکمل کروائیں ۔

وکیل صفائی نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ ملزم کے خلاف منشیات کا مقدمہ درج ہے ،موقع کا کوئی پرائیویٹ گواہ نہیں ، موبائل ویڈیو نہیں ،ملزم سابقہ ریکارڈ یافتہ بھی نہیں ہے، ملزم کے مقدمہ کا چالان ٹرائل کورٹ میں جمع ہے، سرکاری وکیل نے ملزم کی ضمانت کی مخالفت میں دلائل دئیے ۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم کی درخواست ضمانت خارج کردی۔