لاہور (رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے بھینسوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن کو تادیبی کارروائی سے روک دیا۔
ہائیکورٹ میں بھینسوں کو شہر سے نکالنے کے اقدام کیخلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت عالیہ نے چیف افسر میونسپل کارپوریشن کو درخواست گزاروں کو سن کر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت عالیہ لاہور نے بھینسوں کو شہر سے نکالنے کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن کو تادیبی کارروائی سے روکتے ہوئے ہدایت کی کہ چیف میونسپل افسر درخواست گزاروں کا موقف سن کر فیصلہ کریں۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ میونسپل کارپوریشن نے پہلے شہری آبادی سے دور بھینسیں رکھنے کی اجازت دی تھی، شہری آبادی سے دور جانے کے بعد اب شہر کی حدود سے باہر نکلنے کا حکم جاری کر دیا گیا ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ شہری آبادی سے دور ہوکر شہریوں کو تازہ دودھ فراہم کر رہے ہیں، میونسپل کارپوریشن کوئی ہدایات جاری کرتی ہے تو اس پر عملدرآمد کے لیے تیار ہیں تاہم لاہور شہر سے باہر نکالنے کے حکم کو کالعدم قرار دیا جائے۔









