محمد جاوید قصوری 57

گیلپ کی ملکی معیشت اور عوامی حالات کے حوالے سے رپورٹ تشویشناک ہے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ گیلپ پاکستان کی ملکی معیشت اور عوامی حالات حوالے سے تازہ رپورٹ تشویشناک ہے، بڑھتے ہوئے بجلی اور گیس کے بل پاکستانی گھریلو بجٹ پر سب سے بڑا دباؤ بن چکے ہیں، متوسط اور غریب طبقہ یوٹیلیٹی اخراجات پورے کرنے کے لیے اپنی بنیادی ضرورت یعنی خوراک پر خرچ کم کرنے پر مجبور ہو چکا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور ظالمانہ بلوں نے عوام کی زندگی عملاً اجیرن بنا دی ہے۔ بجلی کے بعد گیس کے بھاری بھرکم بلوں نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی ہے۔ عوام نہ صرف مالی بلکہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہیں۔ لوگوں کے لیے دو وقت کی روٹی، بچوں کی تعلیم اور علاج جیسے بنیادی معاملات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے، مگر افسوس کہ حکمران طبقہ عوام کے دکھ درد سے مکمل طور پر لاتعلق دکھائی دیتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی قسم کا حقیقی ریلیف عوام کو میسر نہیں۔ مہنگائی کی شرح میں اضافہ، اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ اور یوٹیلیٹی بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب عوام فاقہ کشی پر مجبور ہوں تو حکمران قرض لینے پر جشن کیوں منا رہے ہیں؟ یہ ذہنی غلامی اور قومی پستی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضوں پر انحصار دراصل آنے والی نسلوں کو گروی رکھنے کے مترادف ہے۔ حکمران وقتی کامیابی کے طور پر قرض کے حصول کو پیش کرتے ہیں، مگر اس کا اصل بوجھ غریب عوام پر ہی ڈالا جاتا ہے، جو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر بجلی اور گیس کے نرخوں میں نمایاں کمی کرے، ناجائز ٹیکسز کا خاتمہ کیا جائے اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور ظالمانہ معاشی پالیسیوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی، کیونکہ ایک مہذب ریاست میں انسانوں کو اعداد و شمار نہیں بلکہ عزت و وقار کے ساتھ جینے کا حق دیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں