حماد اظہر

گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی نہیں ہو رہی، حماد اظہر کا اعتراف

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن ) وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی نہیں ہو رہی ، گیس کے ذخائر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے، گیس کی سپلائی اتنی ہی ہے جتنی زمین سے نکل رہی ہے، سردیوں میں گھریلو صارفین کی گیس کی طلب بڑھ جاتی ہے، سردیوں میں دیگر سیکٹرز کو گیس روک کر گھریلو صارفین کو دی جاتی ہے، 10 سے 11 کارگو آئیں گے، سسٹم میں گیس کی سپلائی بہتر کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔

وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گیس کی سپلائی اتنی ہی ہے جتنی نکل رہی ہے اور رواں سال گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی نہیں ہو رہی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی قلت کی وجہ سسٹم میں کمی کا ہونا ہے اور سردی میں گھریلو صارفین کی گیس طلب میں اضافہ ہوا ہے اس لیے سردی میں دیگر شعبوں کو گیس روک کر گھریلو صارفین کو دی جاتی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ 30 دسمبر کو سندھ ہائی کورٹ میں گیس سے متعلق سماعت ہے اور گیس ذخائر میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔ اس لیے ایک حد سے زیادہ سستی گیس سپلائی نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گیس کی کمی پورا کرنے کے لیے ملک میں 10 سے 11 کارگو آئیں گی اور کوشش کر رہے ہیں کہ گیس کی سپلائی کو بہتر کریں۔