لاہور(ویب ڈیسک) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے پروفیسر پر طالبات کو ہراساں کرنے کا الزام ثابت ہو گیا،انکوائری کمیٹی نے ٹیچر کو نوکری سے نکالنے کی سفارش کر دی۔
پاکستان کے بڑے اور معروف تعلیمی اداروں میں سے ایک گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں ایک پروفیسر کی جانب سے طالبات کو دوران تعلیم ہراساں کرنے کی خبریں آئی تو انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور ایک فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دے کر معاملے کی انکوائری شروع کر دی،کمیٹی نے ٹیچر اور متاثرہ طالبہ کے بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد رپورٹ مرتب کی جس کے مطابق پروفیسر طالبات کو ٹیلی فون پر ہراساں کرتا تھا۔
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے سفارشات پر مبنی رپورٹ وائس چانسلر کو جمع کرا دی ہے جس میں ٹیچر کو قصور وار قرار دیتے ہوئے اسے نوکری سے نکالنے کی سفارش کی گئی ہے۔وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی اصغر زیدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا معاملے کی شفاف انکوائری کی گئی ہے جس میں پروفیسر پر عائد الزامات ثابت ہو گئے ہیں۔
وائس چانسلر کے مطابق محکمہ تعلیم کے حکام کو بھی معاملے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اگلے ہفتے ذمہ دار پروفیسر کے خلاف کارروائی کی جائے گی ۔