کراچی (رپورٹنگ آن لائن)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عالمی یومِ پہاڑ کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کے پہاڑ نہ صرف قدرتی حسن کا حصہ ہیں بلکہ ماحول، معیشت اور سیاحت کی بنیاد بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی خطے موسمیاتی استحکام، گلیشئرز اور پانی کے ذخائر کے تحفظ میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں۔
گورنر سندھ نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں کو قومی ترقی میں اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں میں بسنے والی کمیونٹیز کی فلاح، تعلیم اور معاشی وسائل تک رسائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پاکستان کے پہاڑی خطوں پر تیزی سے نمایاں ہو رہے ہیں،
اس لیے عالمی برادری کو فوری تعاون کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ ماحول، پائیدار سیاحت اور قدرتی وسائل کے تحفظ کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔گورنر سندھ نے زور دیا کہ پہاڑ ہمارے مستقبل کا سرمایہ ہیں اور ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔









