فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا کی کوئٹہ میں دھماکے کی مذمت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ہندوستان کی پشت پناہی کے حامل دہشت گرد ملک کے امن کو سبوتاژ کرنے اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف یکجا ہے۔

فیصل کریم کنڈی نے دھماکہ میں شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ ایسے بزدلانہ حملوں میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام ایک دوسرے کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے قوم اپنی افواج اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردوں کے حملہ کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔