پشاور (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ گورنر خیبر پختونخوا کی میری حکومت گرانے کی حیثیت نہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کونسلر کا الیکشن بھی نہیں جیت سکتے۔
انہوں نے کہا کہ سوات واقعے کی انکوائری چل رہی ہے، جہاں جہاں جس کی غفلت پائی گئی کارروائی کریں گے، سانحہ سوات کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی، دریاؤں کی تعمیرات کو ختم کیا جائے گا۔
دوسری جانب سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا کہ کوئی ایسا حربہ نہیں کریں گے جس سے خیبر پختونخوا کسی بحران میں چلا جائے، گورنر کی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات کو سازش سے عبارت کرنا درست نہیں، عدم اعتماد ایک آئینی اور قانونی چیز ہے، عمران خان خود اس کا شکار بنے۔
علاوہ ازیں پشاور ہائیکورٹ نے علی امین گنڈاپور کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست منظور کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔