گال (رپورٹنگ آن لائن)پہلے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر سری لنکن ٹیم 222 رنز کے جواب میں پاکستان کی ابتدائی دو وکٹیں گر گئیں۔قومی ٹیم کے بیٹرز عبداللہ شفیق اور امام الحق بالترتیب13 اور 2رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔ کھیل کے اختتام پر قومی ٹیم نے 24 رنز بنا رکھے تھے جبکہ کپتان بابراعظم 1 اور اظہر علی تین رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔پاکستان کو سری لنکا کی برتری ختم کرنے کے لیے مزید 218 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔اس سے پہلے سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی پہلی وکٹ شاہین آفریدی نے حاصل کی اور اوپنر بلے باز کپتان دیمتھ کرونا رتنے کو بولڈ کر دیاوہ ایک رن ہی بنا سکے۔سری لنکا کے دوسرے کھلاڑی اوشادہ فرنینڈو 35 رنز بنانے کے بعد حسن علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے۔
انہوں نے 49 گیندیں کھیلیں اور 5 چوکے لگائے ۔آئوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی کوشال مینڈس 21 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہوئے، اس وقت تک سری لنکا کی ٹیم مجموعی طور پر 60 رنز ہی بنا سکی تھی۔سری لنکا کے چوتھے کھلاڑی اینجلو میتھیوز بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین واپس لوٹ گئے انہیں بھی یاسر شاہ نے آئوٹ کیا۔ پانچویں کھلاڑی دھانجا ڈی سلوا کو شاہین آفریدی نے 14 رنز بنانے کے بعد کلین بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی ۔میزبان ٹیم کی چھٹی وکٹ 103 رنز کے مجموعی اسکور پر گر گئی جب شاہین آفریدی نے ہی ڈک ویلا کو آئوٹ کر دیا، وہ 4 بالز پر 4 رنز ہی بنا سکے تھے۔ ساتویں وکٹ بھی یاسر شاہ نے حاصل کی جب انہوں نے رمیش مینڈس کو 11 رنز پر آئوٹ کیا۔سری لنکا کی آٹھویں وکٹ پراباتھ جے سوریا کی گری وہ محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ دنیش چندیمل نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور بالآخر وہ 83 بالز پر نصف سنچری کرنے میں کامیاب رہے۔ دنیش چندیمل نے ایک چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 76 رنز بنائے اور حسن علی کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے۔
سری لنکا کے آخری کھلاڑی مہیش ٹھیکشانا اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 38 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آئوٹ ہو گئے۔پہلی اننگز میں سب سے اچھی بالنگ کا مظاہرہ شاہین شاہ آفریدی نے کہا انہوں نے 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ یاسر شاہ اور حسن علی نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔میچ کے آغاز سے قبل سری لنکن کپتان ڈیمتھ کرونارتنے نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے کوشش ہو گی پہلی اننگز میں بڑا اسکور بنائیں اور پاکستانی ٹیم کو پریشر میں لائیں۔









