ڈینگی 33

کیچ میں 172افراد میں ڈینگی وائرس تصدیق

تربت( رپورٹنگ آن لائن)ضلع کیچ میں ڈینگی وائرس نے تشویشناک حد تک سر اٹھا لیا ہے، جہاں رواں سال 2026 کے دوران اب تک مجموعی طور پر 2258 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 350 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے ہیں۔محکمہ صحت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صرف اپریل کے مہینے میں صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

اپریل کے ابتدائی ایام میں 917 ٹیسٹ کیے گئے، جن میں سے 172 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ڈینگی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کیچ کے مطابق حالیہ بارشوں کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے سے مچھروں کی افزائش میں اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ میں شدت آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کی جانب سے صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ مختلف علاقوں میں باقاعدگی کے ساتھ اسپرے (فوکنگ) مہم شروع کر دی گئی ہے،

جبکہ عوام میں آگاہی پیدا کرنے کے لیے بھی مہم چلائی جا رہی ہے تاکہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔محکمہ صحت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھیں، کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں، مچھر دانیاں استعمال کریں اور بخار یا دیگر علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر قریبی طبی مرکز سے رجوع کریں۔ماہرین صحت کے مطابق بروقت احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو آنے والے دنوں میں ڈینگی کیسز میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت ہائی الرٹ ہو چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں