جسٹن ٹروڈو 64

کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے رواں ہفتے مستعفی ہونے کا امکان

اوٹاوا(رپورٹنگ آن لائن)کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے رواں ہفتے استعفی دینے کا اعلان متوقع ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جسٹن ٹروڈو لبرل پارٹی کے رہنما کے طور پر جلد مستعفی ہو جائیں گے۔غیر ملکی میڈیا نے گزشتہ روز 3 ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ جسٹن ٹروڈو یقینی طور پر نہیں جانتے کہ وہ اپنے استعفے کا اعلان کب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق جسٹن ٹروڈو سے استعفے کا اعلان قومی کاکس کے اہم اجلاس سے پہلے متوقع ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں خبر سامنے آئی تھی کہ کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو کی پارٹی رواں سال کے اوائل میں اقتدار سے محروم ہوتی نظر آ رہی ہے، ان پر اپنے ہی قانون سازوں کی جانب سے استعفی دینے اور کسی اور شخص کو اقتدار سونپنے کا دبائو بڑھ رہا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق حکمراں جماعت لبرلز کو 9 سال تک اقتدار میں رہنے کے بعد تھکاوٹ کے ساتھ ساتھ بڑھتی قیمتوں اور ہاوسنگ بحران کی وجہ سے آئندہ الیکشن میں عوام کے غم و غصے کا سامنا ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک کے 10 صوبے میں سے سب سے زیادہ گنجان آباد اور پارٹی کے مضبوط گڑھ اونٹاریو سے تعلق رکھنے والے 50 سے زیادہ لبرلز اراکینِ پارلیمنٹ نے ایک میٹنگ میں اتفاق کیا تھا کہ جسٹن ٹروڈو کو مستعفی ہو جانا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں