ریشم

کچھ لوگوں نے سوشل میڈیا کوپگڑیاں اچھالنے ،جھوٹی افواہیں پھیلانے کا پلیٹ فارم بنا دیا ہے ‘ ریشم

لاہور( رپورٹنگ آن لائن) ناموراداکارہ ریشم نے کہا ہے کہ سوشل میڈیاایک موثرپلیٹ فارم ہے اب یہ ہمارے اوپر منحصر ہے کہ ہم نے اس کا مثبت یا منفی استعمال کرنا ہے ،ایسے لوگ بھی ہیں جنہوںنے اس پلیٹ فارم کو معاشرے میںبہتری لانے اور خاص طور پر پسے ہوئے طبقات کی مدد کر کے دوسروں کو بھی اس نیکی کی جانب راغب کرنے کا ذریعہ بنایاہے ۔ ایک انٹرویومیں ریشم نے کہا کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی گئی بات منٹوں میں کہاں سے کہاں پہنچ جاتی ہے اس لئے ہمیں اس کا استعمال کرتے ہوئے انتہائی محتاط ہونا چاہیے ۔

کچھ لوگوںنے توسوشل میڈیا کولوگوں کی پگڑیاں اچھالنے اورجھوٹی افواہیں پھیلانے کا پلیٹ فارم بنا دیا ہے جوقطعاً مناسب نہیں۔ دونوںبرائیوں کے بارے میں ہمارے مذہب میں سختی سے منع کیا گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سوشل میڈیا لوگوں سے رابطے کابھی ذریعہ ہے لیکن یہاں بھی لوگ منفی ردعمل دینے سے بازنہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سوشل میڈیا میںجو سب سے متاثر کن بات نظر آئی ہے وہ مختلف لوگوں کا پسے ہوئے طبقات کی مددکیلئے آگے آناہے اورجب اس طرح کی سرگرمیاں سوشل میڈیا پر آتی ہیں تودوسرے لوگ بھی اس جانب راغب ہوتے ہیں جو مثبت رجحان ہے