کورونا کا پھیلاﺅ

کورونا کا پھیلاﺅ، پابندیاں سخت، لاہور میں مکمل لاک ڈاﺅن نافذ، کاروباری مراکز بند

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)کورونا کا پھیلاﺅ روکنے کیلئے پابندیاں مزید سخت کر دی گئیں، لاہور میں اتوار کو بھی مکمل لاک ڈاﺅن نافذ رہے گا، جس کے تحت بین الصوبائی ٹرانسپورٹ، کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند جبکہ میڈیکل سٹورز، پٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز کھلے رہیں گے،کمشنر لاہور کیپٹن (ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کی طرح اتوار بھی لاہور شہر میں مکمل لاک ڈاﺅن ہوگا، تمام قسم کے کاروبار اور مارکیٹیں مکمل بند رہیں گی،

صرف میڈیکل سٹور، پٹرول پمپ، ویکسی نیشن سنٹرز، دودھ دہی، گوشت اور سبزی کی دوکانیں کھلی رہیں گی جبکہ بین الصوبائی ٹرانسپورٹ پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔ انہوں نے شہریوں سے گزشتہ روز ہی اشیائے ضروریہ کی خریداری کرنے کی اپیل کی تھی، جبکہ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سارہ اسلم کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق تمام رمضان بازار، پھل اور سبزی، گوشت اور ڈیری شاپس ہفتہ کے 7 دن صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلی رکھنے کی اجازت دی گئی۔ اس کیساتھ تندور، چھوٹے گروسری اور کریا نہ سٹور بھی ہفتہ کے 7 دن صبح 9 سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔