کورونا ویکسین

کورونا ویکسین کی خریداری روکنے کی درخوست ،عدالت نے درخواست قابل سماعت ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے حکومت کو کورونا ویکسین کی خریداری سے روکنے کیلئے دائر کی گئی درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا ۔

درخواست گزار وکیل طارق اسد نے موقف اپنایا ہے کہ ویکسین کے ذریعے ہمارے جسم میں سور اور بندر کا ڈی این اے ڈالا جائے گا۔ ویکسین سے متعلق ایک صفحے پر نقشے کی صورت میں تفصیلات عدالت کے سامنے پیش کی گئی ہیں۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ویکسین میں کوئی مسئلہ ہے تو آپ نہ لگوائیں۔

درخواست گزار وکیل نے کہا ہم نہیں لگوائیں گے تو کہیں بھی سفر نہیں کر سکیں گے۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل سے استفسار کیا کہ وہ صرف ہمیں بندر بنائیں گے؟ وکیل طارق اسد نے جواب دیا نہیں، یہ دنیا بھر میں ایسا ہی ہو گا ہم تو بالکل ہی ان کے غلام ہوں گے۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخواست قابل سماعت ہونے کے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔