شہباز اکمل جندران۔۔۔
کورونا وائرس کی دوسری لہر کے وار جاری ہیں۔22 کروڑ آبادی کے حامل پاکستان میں 5لاکھ سے زائد افراد اس موذی وبا سے متاثر جبکہ قریب 12 ہزار سے زائد وفات پا چکے ہیں۔
تاہم دوسری طرف اچھی خبر یہ ہے کہ دنیا کے کئی ملکوں نے وائرس سے بچاو کی ویکسین تیار کرلی ہے۔اور پاکستان کو بھی چین سے کورونا وائرس کی سینو فارم ویکسین کی 5 لاکھ ڈوزز مل چکی ہیں۔جو کہ کورونا وائرس کے خلاف صف اول کا کردار ادا کر نے والے ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کو لگائی جارہی ہے۔
ڈاکٹروں اور پیرا میڈکس کے بعد ویکسین کی مقدار اور ڈوزز کی تعداد کے حوالے سے نئی ترجیحات پیش کی جائیں گی۔اور وافر مقدار میں ویکسین ملنےپر عام شہریوں کو ویکسینیشن پلان کا حصہ بنایا جائیگا۔
یہ ویکسین عام شہریوں کو کب اور کیسے ملے گی۔اس سلسلے میں بتایا گیا ہے کہ۔۔۔۔
شہری ابھی سے اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس یا NIMS کی ویب سائٹ کے زریعے صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر بھیجیں۔
دوسرے مرحلے میں خودکار سسٹم آپ کے شناختی کارڈ اور کوائف کی تصدیق کے بعد آپ کو ویکسین سنٹر کے ایڈریس کے ہمراہ یونیک کوڈ بھی ارسال کیا جائیگا۔
جیسے ہی آپ کو بتائے گئے ویکسین سنٹر پر ویکسین پہنچے گی آپ سے رابطہ کیا جائیگا۔اور ویکسینیشن کی سلاٹ اور ٹائم دیدی جائیگا۔
جس کے بعد آپ شناختی کارڈ اور یونیک کوڈ کے ہمراہ ویکسینیشن سنٹر پہنچیں گے۔جہاں ایک بار پھر سے آپ کے شناختی کارڈ اور یو نیک کوڈ کی جانچ پڑتال اور شہری فکیشن کے بعد متعلقہ سٹاف آپ کو ویکسین لگائے گا۔
اس کے بعد سٹاف آپ کے کوائف کا اندراج کریگا اور ویکسینیشن کے بعد آدھا گھنٹہ آپ کو سنٹر پر روکے رکھا جائیگا۔تاکہ کسی قسم کے ری ایکشن کی صورت موقع پر طبی امداد دی جاسکے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق چین کی ویکسین کے علاوہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے کوویکس پروگرام کے تحت آسٹرا زینیکا کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ ڈوزز بھی لگائی جائینگی۔
ذرائع کے مطابق 2021 کے آخر تک کورونا کا شکار دنیا کے91 ملکوں میں 2 ارب افراد کو ویکسین لگائی جائیگی۔