لاہور(رپورٹنگ آن لائن)
کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے ملحقہ گورنمنٹ سید میٹھا ہسپتال کی جانب سے سیشن کورٹ لاہور میں میڈیکل سکریننگ کیمپ کا انعقاد کیا گیا
کیمپ کا افتتاح سیشن جج سجاد حسین سندھڑ اور وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیشن جج رفاقت گوندل، ایڈیشنل سیشن جج حامد حسین، ایڈیشنل سیشن جج امجد علی باجوہ، ایڈیشنل سیشن جج اسلم پنجونہ، سینئر سول جج مظہر حسین رامے، سول جج سلمان آصف اور دیگر جوڈیشیل افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیشن جج سجاد حسین سندھڑ کا کہنا تھا کہ
میڈیکل سکریننگ کیمپ کے انعقاد پر وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل اور ایم ایس سید میٹھا ہسپتال ڈاکٹر مسعود احمد شیخ کے مشکور ہیں اس سہولت سے سیشن کورٹ کے تمام جج صاحبان اور سٹاف ہسپتال جائے بغیر اپنی میڈیکل سکریننگ کروا سکیں گے۔
وائس چانسلر کے ای ایم یو پروفیسر خالد مسعود گوندل کا کہنا تھا کہ سکرینگ کیمپ سے تمام تر بنیادی تشخیص اور علاج معالجہ ممکن ہو سکے گا۔
فرنٹ لائن ورکرز کے لئے صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی دہلیز پر میسر ہونی چاہیے۔
جبکہ ایم ایس سید میٹھا ہسپتال ڈاکٹر مسعود اختر شیخ کا کہنا تھا کہ اس میڈیکل کیمپ میں ای سی جی، ایل ایف ٹی، آر ایف ٹی، سی بی سی اور دیگر بنیادی ٹیسٹ ہو سکیں گےاور تمام تر سہولیات محکمہ صحت کی جانب سے مفت میسر ہوں گی۔
سیشن جج سجاد حسین سندھڑ اور ایڈیشنل سیشن جج رفاقت گوندل سمیت دیگر جج صاحبان نے اپنے خون کے نمونے دیئے اور اطمینان کا اظہار کیا۔
