امیر مقام

کشمیری قوم کے اکابرین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، انجینئر امیر مقام

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر امور کشمیر،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ کشمیری قوم کے اکابرین اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، آزادکشمیر کا خطہ آزاد کروانے میں خیبر پختونخوا کے لوگوں نے بھی کشمیریوں کی بھر پور مدد کی۔

جمعہ کو 78 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کشمیری قوم کو مبارکباد پیش کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام یک جان دو قالب ہیں ،پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔بھارت نے جموں و کشمیر پر جابرانہ اور ظالمانہ قبضہ کر رکھا ہے ، بھارتی فوج جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بھارت زیر حراست حریت رہنمائوں کو فوری طور پر رہا کرے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستان ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کا مقدمہ پورے عزم کے ساتھ لڑرہا ہے،بھارت کے غیر قانونی تسلط سے کشمیریوں کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ، آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی اور عوام کی فلاح وبہبود کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔