واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن)امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ امریکہ دنیا سمیت پاکستان میں جمہوری اصولوں کو پرامن انداز سے برقرار رکھنے کی حمایت کرتے ہیں، ملکی سیاست میں کسی ایک سیاسی جماعت یا کسی ایک کی طرف داری نہیں کرتے ہیں۔ امریکی دفتر خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے اپنی عہدے سے دستبردار ہونے سے قبل اپنی آخری پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم ایک پارٹی کو دوسری پارٹی پر ترجیح نہیں دیتے ہم جس چیز کی حمایت کرتے ہیں وہ صرف ملک میں موجود آئینی نظام ہے جسے قانونی فریم ورک پر چلتے ہوئے آگے بڑھایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا بھر میں انسانی حقوق کا دفاع کرتا ہے، اگر بات بھارت، پاکستان یا کسی اور ملک کی بھی ہو تو تب بھی ہمارا ایک ہی مقف ہے، امریکا انسانی حقوق کاعلمبردار ہے۔ واضح رہے کہ واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس اپنے عہدے دستبردار ہو گئے اب ان کی جگہ امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل پریس بریفنگ کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔