کراچی(رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کو پوری امت مسلمہ کا نقصان قرار دیا ہے۔ادادرہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان صرف ایران کا نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران میں رجیم چینج کی بات کرنا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، کسی ملک کی قیادت کو ٹارگٹ کرنا بدترین ریاستی دہشت گردی ہے۔انہوں نے کہاکہ امریکاکی تاریخ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں سے بھری پڑی ہے، ہم ایران کے خلاف بلااشتعال کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ امریکااور اسرائیل نے ایک بار پھر خود کو دہشت گرد ریاستیں ثابت کیا ہے، یہ حملہ بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، اسرائیل اور امریکا نے بچیوں کو شہید کیا ہے.
پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والی حالیہ کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا پاک افغان لڑائی کے خاتمے کیلئے عالم اسلام کو کردار ادا کرنا چاہیے۔حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ افغانستان کی سرزمین سازشوں کیلئے استعمال کی جارہی ہے، افغانستان کو سمجھنا چاہیے کہ بھارت کبھی آپ کا دوست نہیں ہوسکتا، افغانستان اور پاکستان کی حکومت کو بات چیت کا ذریعہ اختیار کرنا چاہیے۔امیر جماعت اسلامی نے کہاکہ اس وقت ملک میں قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، ہمیں تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بیٹھ کر بات کرنا چاہیے۔







