سپریم کورٹ آف پاکستان 37

کسٹم انسپکٹر بھرتی کیس، سپریم کورٹ نے اپیل خارج کر دی، لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار

لاہور (رپورٹنگ آن لائن) سپریم کورٹ آف پاکستان نے کسٹم انسپکٹر کے عہدے پر بھرتی نہ کیے جانے کے خلاف کیس میں لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے درخواست گزار کی اپیل خارج کردی۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے رضوان الحق کی درخواست پر سماعت کی ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ڈپٹی اٹارنی جنرل خالد پرویز وڑائچ پیش ہوئے ۔

وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ایف بی آر نے 2018ء میں کسٹم انسپکٹر کی 217آسامیوں کا اشتہار دیا ، درخواست گزار نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی کے لئے ٹیسٹ دیا ،درخواست گزار کا نام سکینڈ میرٹ لسٹ پر آیا ،انٹرویو میں کم نمبر کی بنیاد پر درخواست گزار کو بھرتی نہیں کیا گیا ،کسٹم انسپکٹر کے عہدوں پر بھرتی ہونے والے 28افراد نے نوکری جوائن نہیں کی ، ایف بی آر نے سیٹیں خالی ہونے پر پبلک سروس کمیشن کو درخواست گزار کا نام بھجوایا ،

فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے درخواست گزار کو بھرتی نہیں کیا ۔ وکیل وفاقی حکومت نے بتایا کہ اسٹیبلشمنٹ رولز کے تحت ایف بی آر ٹیسٹ کے اٹھارہ ماہ تک سفارش بھجوا سکتا ہے ، درخواست گزار کے کیس میں 20ماہ بعد سفارش بھجوائی ،درخواست گزار رولز کے مطابق نوکری کا حق دار نہیں ۔ سپریم کورٹ نے دلائل سننے کے بعد درخواست گزار کی لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل خارج کردی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں