لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان سپرلیگ میں پشاورزلمی کی نمائندگی کرنے والے ابھرتے ہوئے جارح مزاج بلے باز محمد حارث نے کرکٹ میں انگلینڈ کے جوز بٹلر کو فیورٹ کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی طرح جارحانہ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ایک انٹر ویو میں محمد حارث نے کہا کہ میں انگلینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر کی پیروی کر رہا ہوں اور ان کی طرح جارحانہ کھیلنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ اب آہستہ آہستہ محمد رضوان کی طرف آرہا ہوں جیسے وہ بیٹنگ کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھے انڈر19میں گوگل کہا جاتا تھا کیونکہ مجھے معلومات زیادہ تھیں اور ساتھی کھلاڑی جو سوال کرتے تھے اس کا جواب دیتا تھا، اس لیے انہوں نے میرا نام گوگل رکھا تھا۔پی ایس ایل میں بہترین کارکردگی کا کریڈٹ پشاور زلمی کو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے سپورٹ کیا اور دوسری بات میں نے کوشش اور محنت کی تھی، ساتھ ہی انہوں نے اعتماد دیا۔
میں نے اس موقعے کو ضائع نہیں ہونے دیا اور یہی سوچا تھا کہ اگر یہ موقع ضائع ہوگیا تو آگے کرکٹ مشکل ہوجائے گی اور موقع ملا تو تین میچوں میں سے دو میں بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ حاصل کیا۔محمد حارث نے کہا کہ ایمرجنگ کھلاڑی کے لیے اس طرح کھیلنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ پی ایس ایل میں بلے بازوں کے پاس کم مواقع ہوتے ہیں کیونکہ دنیا کی بہترین بالنگ میں سے ایک ہے اور زلمی انتظامیہ نے مجھے کھیلنے کی آزادی دی تھی۔انہوں نے کہا کہ وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل بہت مدد کر رہے ہیں اور دونوں شعبوں میں سکھا رہے ہیں ،یہ میرے لیے خوش قسمتی ہے کہ کامران اکمل، وہاب ریاض اور شعیب ملک جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہا ہوں۔
کپتان وہاب ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مجھے کھیلنے میں آزادی دی ہوئی ہے اور کیپنگ میں مجھے نائب کپتان مانتے ہیں۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ خاندان میں کسی نے کرکٹ نہیں کھیلی تاہم بھائی پہلے کھیلا کرتے تھے اور 2010 تک کھیلا بعد میں انہوں نے کرکٹ چھوڑ دی، خاندان میں واحد کھلاڑی تھا تاہم اب میرا کزن بھی کرکٹ کھیل رہا ہے۔