اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کرونا وائرس پھیلنے کی وارننگز کے باوجود اپوزیشن کے جلسے جلوس جاری رکھنے کے اعلان کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کی چھتری تلے اکھٹے ہوئے کرپشن کے پجاریوں کو عوام اور عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں شہباز گل نے کہا کہ این سی او سی اور اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بھی جلسوں کو جاری رکھنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔
یہ اس بات کی گواہی ہے کہ پی ڈی ایم کی چھتری تلے اکھٹے ہوئے کرپشن کے پجاریوں کو عوام اور عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیشہ بیماری کی آڑ لینے والے آج اس خطرناک بیماری کے حوالے سے احکامات کو نظر انداز کر رہے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ کالے کردار کے حامل بے ضمیروں نے پہلے عوام کو لوٹ کھایا، اب عوام کو ذاتی مفاد اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ امید ہے قومی سلامتی کے اس معاملے کو حسب سابق سیاست کی نظر نہیں کیا جائے گا، درباریت اور جہالت سے بالاتر ہوکر عوام کو موت کے منہ میں دھکیلنے سے اجتناب کیا جائے گا