فاروق ستار 155

کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے، سندھ کے وڈیرے اور مرکز کراچی کو برباد نہ کریں،فاروق ستار

اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان انٹرا پارٹی الیکشن رات کی تاریکی میں چوری کئے، ہم نے اسے چیلنج کیا، کراچی پاکستان کی شہ رگ ہے، سندھ کے وڈیرے اور مرکز کراچی کو برباد نہ کریں۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پارٹی میں ایک گروپ اپنی اجارہ داری قائم کرنا چاہتا ہے اور دیگر رہنماوں کو پارٹی الیکشن میں حصہ لینے سے محروم رکھنا چاہتا ہے۔ فاروق ستار نے کہا کہ بغیر کسی پولنگ اسکیم، شیڈول ، کاغذات نامزدگی، ووٹر لسٹ اور دیگر اہم شرائط کے بغیر الیکشن کی کوئی اہمیت نہیں، ہم مہاجروں کےلیے ایم کیو ایم کو بچانا چاہ رہے ہیں، کارکنان کو جوڑنے میں میرا کردار ہے۔

ایم کیو ایم رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ سازش کے تحت میری رکنیت اور سربراہی کو چھینا گیا، ہمیں بنیادی حق سے محروم رکھا جا رہا ہے، ایم کیو ایم عام آدمی کی پارٹی ہے، پارٹی کے ان ساتھیوں کے ساتھ کھڑا ہوں جن سے ناانصافی ہوئی، چند لوگوں کا پارٹی پر قبضہ ہے۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میرا گلہ ایم کیو ایم کے بڑوں سے ہے، پارٹی میں اجارہ داری نہیں ہونی چاہئیے جبکہ چند لوگ فیصلے مسلط کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اندر جو خرابیاں ہیں میں اس کے خلاف ہوں کیونکہ میں صاف ستھری ایم کیو ایم بنانا چاہتا تھا یہ میرا قصور تھا۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میرا گلہ ایم کیو ایم کے بڑوں سے ہے، پارٹی میں اجارہ داری نہیں ہونی چاہئیے جبکہ چند لوگ فیصلے مسلط کرتے ہیں۔ میں نے اب تک کوئی پارٹی نہیں بنائی، اس کا مطلب ہے میں اب بھی اسی پارٹی کے ساتھ اصولوں پر کھڑا ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں