آئی ایس پی آر 9

کراچی میں رینجرز کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام، جماعت الاحرار کے 3 دہشت گرد ہلاک، ایک افغان شہری زخمی حالت میں گرفتار، 3اہلکار شہید

کراچی/اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر)نے کہا ہے کہ کراچی کے یونیورسٹی روڈ پر واقع پاکستان رینجرز (سندھ)کے کیمپ پر بھارتی حمایت یافتہ کالعدم تنظیم جماعت الاحرارسے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 27 جون کی شام دہشت گردوں نے رینجرز کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکا کرکے حفاظتی حصار توڑنے اور کیمپ میں داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم رینجرز کے چوکس جوانوں نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ترجمان پاک فوج کے مطابق جوابی کارروائی میں تین دہشت گرد موقع پر ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جس کی شناخت ایک افغان شہری کے طور پر ہوئی ہے۔ حملے کے بعد علاقے میں ممکنہ سہولت کاروں اور دیگر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری رکھا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران پاکستان رینجرز کے تین بہادر جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔ شہدا نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے دہشت گردوں کو کیمپ میں داخل ہونے سے روکا اور ایک بڑے سانحے کو ناکام بنایا۔ترجمان کے مطابق حملہ آور بھارتی پراکسی کالعدم تنظیم جماعت الاحرار سے تعلق رکھتے تھے۔ بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی وژن “عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ شہدا کے خون کا حساب لیا جائے گا اور حملے کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف بھرپور اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع میں دی جانے والی یہ عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید رینجرز اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جبکہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے رینجرز کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک مرتبہ پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات اور فرض شناسی کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے رینجرز کے جوان پوری قوم کا فخر ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔واضح رہے کہ سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور موثر کارروائی کے باعث دہشت گرد اپنے منصوبے میں مکمل طور پر ناکام رہے اور رینجرز کیمپ کو کسی بڑے نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں