محمد جاوید قصوری 26

کالے بلدیاتی قانون کے خلاف 15 جنوری کو صوبہ بھر میں عوامی ریفرنڈم ہوگا، جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی پنجاب کے امیر محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا نافذ کردہ نیا بلدیاتی ایکٹ ایک سیاہ قانون ہے جو عوام کو ان کے بنیادی جمہوری حق سے محروم کرنے کی سازش ہے،اس کالے قانون کے خلاف جماعت اسلامی کی صوبہ بھر میں بھرپور عوامی تحریک جاری ہے جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کر رہے ہیںم اسی سلسلے میں 15 جنوری کو پورے پنجاب میں عوامی ریفرنڈم منعقد کیا جائے گا،

جس میں صوبے کے عوام بلدیاتی کالے قانون کے خلاف اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ بلدیاتی نظام کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہوتا ہے، مگر موجودہ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنانے کے بجائے انہیں بیوروکریسی کے ماتحت کر دیا ہے، جو عوامی نمائندوں کے حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قانون عوام کو براہِ راست فیصلوں کے عمل سے دور کرنے اور اختیارات چند سرکاری افسران تک محدود کرنے کی دانستہ کوشش ہے، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔امیر جماعت اسلامی پنجاب نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کروائے جائیں تاکہ ہارس ٹریڈنگ، لوٹا کریسی اور کرپشن کا خاتمہ ہو۔

جماعتی نظام کے تحت عوام کو واضح انتخاب ملتا ہے اور منتخب نمائندے اپنی جماعت کے منشور اور عوامی وعدوں کے سامنے جوابدہ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر جماعتی انتخابات ہمیشہ سودے بازی اور طاقتور عناصر کے اثر و رسوخ کو بڑھاتے ہیں، جس کا خمیازہ عام شہری کو بھگتنا پڑتا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل، شفاف طرزِ حکمرانی اور مضبوط بلدیاتی نظام پر یقین رکھتی ہے۔ اسی مقصد کے لیے 15 جنوری کا عوامی ریفرنڈم نہایت اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی یہ تحریک کسی ایک جماعت یا گروہ کے لیے نہیں بلکہ پورے صوبے کے عوام کے مستقبل کے لیے ہے۔ جب تک عوام کو ان کا حق واپس نہیں مل جاتا اور ایک بااختیار، شفاف اور جماعتی بنیادوں پر مبنی بلدیاتی نظام نافذ نہیں کیا جاتا، جماعت اسلامی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں