صنم جنگ 138

کاش ہم نے کھیلوں میں زیادہ سرمایہ کاری کی ہوتی، صنم جنگ

کراچی (ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف میزبان و اداکارہ صنم جنگ نے قومی ہیروز کو حکومت پاکستان کی جانب سے نظر انداز کیے جانے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔صنم جنگ نے اپنی انسٹا اسٹوری پر سابق پاکستانی سائیکلسٹ محمد عاشق کے بارے میں ایک پوسٹ شیئر کی ہے جنہوں نے 1960ء اور 1964ء کے اولمپکس میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔پاکستانی سائیکلسٹ محمد عاشق کو زندگی کے آخری ایام میں مالی مشکلات کا سامنا تھا اور رکشہ چلاکر اپنا گزر بسر کرنے پر مجبور تھے۔اداکارہ نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ‘یہ ایک افسوسناک حقیقت ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ ‘ کاش ہم نے کھیلوں میں مزید سرمایہ کاری کی ہوتی اور ان لوگوں کا خیال رکھا ہوتا جنہوں نے اس ملک کا نام روشن کیا ہے۔

خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں پاکستانی ایتھلیٹس کی جانب سے اپنی پوری جدوجہد کے باوجود بھی مقابلوں میں ناکامی کا ذمہ دار حکومت پاکستان کو قرار دیئے جانے کے بعد سے مختلف سوشل میڈیا پیجز پر سابق پاکستانی سائیکلسٹ محمد عاشق کے بارے میں لکھے گئے پرانے آرٹیکلز وائرل ہورہے ہیں۔پاکستانی سائیکلسٹ محمد عاشق نے اپنے پورے اولمپک کیریئر میں کئی گولڈ میڈلز جیتے لیکن بدقسمتی سے اپنے کیریئر کیاختتام کے بعد انہیں حکومت کی جانب سے کوئی امداد فراہم نہیں کی گئی اور انہیں مجبور ہو کر رکشہ چلانا پڑا۔واضح رہے کہ پاکستانی ایتھلیٹس کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے انہیں بنیادی سہولیات بھی فراہم نہیں کی گئیں جس کی وجہ سے انہیں اولمپکس مقابلوں میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں