فیصل کریم کنڈی 62

کارکنوں اور عوام کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، فیصل کریم کنڈی

پشاور (رپورٹنگ آن لائن)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے مخلص کارکنوں کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، ہم سب کو پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مضبوط کر کے پاکستان اور صوبہ کے مستقبل کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔

ترجمان گورنر ہاؤس پشاور کے مطابق گورنر ہاؤس میں ملاقات کرنے والے وفد میں پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر سید ایوب شاہ، صوبائی ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری سید طاہر عباس، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ابرار سعید سواتی، اولڈ پی ایس ایف کے روح رواں دل نواز خان، انجنیئر دائود جان، انجنیئر یحیی آفریدی، ہلال احمر خیبرپختونخوا کے چیئرمین فرزند علی وزیر، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سابق نائب صدر وجاہت اللہ خان شامل تھے، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا اس پر پورا اترنے کے لیے ہر وقت کوشاں ہوں۔ گونر ہاؤس کے دروازے کارکنوں اور عوام کے لیے ہر وقت کھلے ہیں۔

پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق صوبہ میں وومن امپاورمنٹ یوتھ انگیجمنٹ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ ہم نے گورنر ہاؤس کے ذریعے صوبہ کے سافٹ امیج کو روشن کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی تنظیم کو جہاں بھی ضرورت پڑی میں نےان کے ساتھ اپنا ہر ممکن تعاون کیا۔ اس موقع پر پارٹی کے رہنماؤں نے گورنر پختون خواہ کی جانب سے رابطہ عوام مہم کارکنوں کے لیے گورنر ہاؤس کے دروازے کھولنے ان کی سرپرستی کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی تاریخ میں پہلا گورنر ہے جس نے عوام کے ساتھ ساتھ پارٹی کارکنوں کو بھی بھرپور عزت دی اور ان کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے۔ اس موقع پر پارٹی کو مزید فعال بنانے کے لیئے مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں