حمزہ شہباز

ڈینگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے’حمزہ شہباز

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نااہلی کے سبب ڈینگی پنجاب تباہی پھیلا رہا ہے جہاں اب بھی روزانہ سیکڑوں کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں لوگ اپنے پیاروں کو کھو رہے ہیں،اسپرے اور لاروے کی تلفی کے لئے معمول کے اقدامات سے مجرمانہ غفلت برتنے کی بنا پر ڈینگی قیامت بن کر ٹوٹا۔

حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہاکہ پنجاب میں رواں برس کیسز 18 ہزار سے تجاوز کر چکے ہیں صرف لاہور سے 13 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے 68 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ پیناڈول کی گولی مارکیٹ سے غائب ہے اور دیگر ادویات کی بھی قلت ہے 10 روپے میں ملنے والی دوا اب تو 30 روپے میں بھی نہیں مل رہی۔ قیامت خیز مہنگائی میں ادویات کی قیمتوں میں بھی 500 فیصد اضافہ ہو چکا ہے ڈینگی میں استعمال ہونے والی بلڈ ٹرانسفیوژن کٹس بھی نایاب ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ بھی ریمارکس دے چکا ہے کہ پنجاب حکومت ڈینگی وائرس کی روک تھام کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔ ڈینگی اسپرے نہ ہونے کے باعث لاروے کو پنپنے کا موقعہ ملا یہاں تو اسپرے والی گاڑیاں ڈھانچہ بن کر ٹان ہال میں کھڑی ہیں۔ ڈینگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ورنہ مزید قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔