رپورٹنگ آن لائن۔۔۔
ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں بعض ملازمین اپنے ڈائیریکٹروں اور ہیڈ کوآرٹر میں تعینات افسروں کی ممکنہ آشیرباد سے غیر قانونی طور پر ایک ہی وقت دو ، دو اضلاع میں بیک وقت تعینات ہیں۔

ایسے ہی چہیتوں میں ایک نام طاہر محمود شہزاد کا ہے جو جہلم میں ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس، ای ٹی او موٹرز، جبکہ راولپنڈی میں ای ٹی او مری بروری اور ای ٹی او پراپرٹی ٹیکس زون 4 کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
طاہر محمود شہزاد کا ایک پاوں جہلم میں تو ایک پاوں مری بروری راولپنڈی میں ہوتا ہے۔وہاں سے وہ گوجرہ، پھر مری، پھر ٹیکسلا میں بطور ای ٹی او زون فور راولپنڈی فرائض انجام دیتے ہوئے مہنگے داموں فیول جلاتے ہوئے واپس پھر جہلم پہنچے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ راولپنڈی تنویر عباس گوندل، طاہر محمود شہزاد کے سب سے بڑے معترف ہیں اور حکام بالا سے ان کے ملٹی پل عہدوں کے سفارشیں کرتے ہیں۔
اسی طرح دوسرا نام جونئیر کمپیوٹر آپریٹر کاشف کلیم کا ہے جسے ڈائیریکٹر ریجن سی لاہور قمر الحسن کا چہیتا قرار دیا جاتا ہے اور بیک وقت دو اضلاع لاہور اور محکمے کے ہیڈ کوآرٹر میں فرائض انجام دے رہے ہیں، کاشف کلیم موٹر برانچ لاہور کی جوہرٹاون برانچ میں جونئیر کمپیوٹر آپریٹر کے ساتھ ساتھ سمارٹ کارڈز کی ڈیلیوری کا اضافی چارج بھی سنبھالے ہوئے ہے جہاں ان پر شہریوں کو رشوت کے بغیر سمارٹ کارڈز ہینڈ اوور نہ کرنے کا بھی الزام ہے۔

اسی طرح جونئیر کمپیوٹر آپریٹر کاشف کلیم کو ڈائیریکٹوریٹ جنرل آفس میں بھی سمارٹ کارڈز کی ڈیلیوری کا مزید اضافی چارج “عنائیت” کیا گیا ہے۔جہاں سے پورے صوبے میں سمارٹ کارڈز کی ترسیل کی جاتی ہے۔اور الزام ہے کہ یہاں بھی کاشف کلیم رشوت کے بغیر کسی کو کارڈز جاری نہیں کرنے دیتے۔
البتہ اس سلسلے میں گفتگو کرتے ہوئے ڈائیریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ رفاقت علی کہتے ہیں کہ میرے نوٹس میں نہیں تھا کہ ایک ہی ملازم بیک وقت کئی کئی عہدوں پر اور دو، دو اضلاع میں تعینات ہیں۔ایسے ملازمین سے اضافی عہدے واپس لیتے ہوئے کارروائی بھی کی جائیگی






