اوکاڑہ
( شیر محمد)ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور میاں یاور زمان نے اجلاس میں شرکت کی ، اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فواد افتخار، ایم ایس ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال محمد ثاقب وٹو، ڈی ایچ او ہیلتھ سمیت کونسل کے ممبران اور متعلقہ شعبہ جات کے افسران بھی موجود تھے، محکمہ ہیلتھ کے افسران نے ہسپتال میں علاج معالجے کے نظام، مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامی امور بارے تفصیلی بریفنگ دی، ایم ایس ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال محمد ثاقب وٹو نے بتایا کہ ہسپتال میں روزانہ بڑی تعداد میں مریضوں کو علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ سہولتوں میں بہتری کے لیے مختلف اقدامات جاری ہیں،
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے کہا کہ عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیح ہے اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، ممبران صوبائی اسمبلی میاں محمد منیر اور میاں یاور زمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو بنیادی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی جانب خصوصی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں اور اس سلسلہ میں حکومت پنجاب کے تمام اقدامات کی خصوصی نگرانی کر رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو سٹی ہسپتال میں مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے،
ہسپتال انتظامیہ مریضوں کو تشخیص اور علاج معالجہ کے لیے موثر انداز میں مانیٹرنگ کرے، ہسپتال کے لیے مختص کیے گئے فنڈز کو شفاف اور بہترین انداز میں ہسپتال کی بہتری کے لیے استعمال کیا جائے اور تمام ہسپتال کے واجبات کو بروقت ادا کرنے کے لیے حکمت عملی کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جائے انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہیلتھ کونسل کے اجلاس میں تمام امور کی مفصل رپورٹ بھی پیش کی جائے۔









