لاہور(رپورٹنگ آن لائن)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال شعبہ آرتھو پیڈک کے ڈاکٹر فیاض حسین کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈاکٹر کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے ماہر سینئر پولیس افسران پر مشتمل ٹیم تشکیل دی جائے۔انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پولیس اندوہناک واقعہ کی جدید خطوط پر تفتیش کو یقینی بناتے ہوئے سنگ دل ملزمان کو جلد سے جلد کٹہرے میں لائے گی اور غمزدہ خاندان کو فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو یہ صدمہ ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
پروفیسر الفرید ظفر کا مزید کہنا تھا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ڈاکٹرز دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے پہلے ہی اپنی جانیں ہتھیلیوں پر رکھ کر نکلتے ہیں،کورونا، ڈینگی اور دیگر وباؤ کا سامنا کرتے ہوئے لا تعداد ڈاکٹرز نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اور ان حالات میں ڈاکٹرز کے قتل جیسی مذموم سرگرمیوں کی کسی طور بھی اجازت نہیں دی جا سکتی،ہم سب ڈاکٹر فیاض حسین کے قتل پر رنجیدہ اور دل گرفتہ ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ مستقبل میں ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے ان معاملات پر کڑی نگاہ رکھی جائے گی اور ڈاکٹرز کمیونٹی کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر فیاض حسین کو چند ماہ قبل جنرل ہسپتال آرتھو پیڈک ڈیپارٹمنٹ میں تعینات کیا گیا تھا،ڈاکٹر فیاض حسین کو تھانہ کوٹ لکھپت کے علاقہ گلشن احباب ہاؤسنگ سوسائٹی میں مقیم تھے جہاں انہیں اُن کی رہائشگاہ پر قتل کر دیا گیا جس پر ہسپتال کے ڈاکٹرز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔