لاہور(رپورٹنگ آ ن لائن) ڈائریکٹر جنرل نرسنگ پنجاب کوثر تسنیم نے نرسز پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ وارانہ مہارت میں مسلسل اضافے کے لئے” سپیشلائز یشن “کو مقصد حیات بنائیں اور میڈیکل کے شعبے میں رو نما ہونے والی تبدیلیوں سے خود کو ہم آہنگ رکھیں تاکہ وہ دکھی انسانیت کی بہتر خدمت کر کے دعائیں سمیٹیں اور اپنے اپنے اداروں کا نام روشن کرنے کا سبب بنیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر ینگ نرسز ایسوسی سروسز ہسپتال شمشاد نیازی کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ چیئرپرسن لبنیٰ یاسمین، کشور شفیع، فہمیدہ حیدر، فوزیہ تصور،ایسٹر تسنیم،رقیہ بانو،زہرہ اختر اور فوزیہ تبسم بھی موجود تھیں۔صدر وائی این اے شمشاد نیازی نے ڈی جی این پنجاب کوثر تسنیم کو نرسز کے زیر التوا پروموشن کیسز، خالی آسامیوں پر تعیناتی،نرسنگ ہاسٹلز کی تزئین و آرائش و دیگر دفتری امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔کوثر تسنیم نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ بھی بنیادی طور پر خود کو نرس ہی سمجھتی ہیں کیونکہ اُن کیلئے یہ تعلق سب سے زیادہ اہمیت کا حامل ہے لہذا وہ اس شعبے سے وابستہ خواتین کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ان تمام امور کو حکومتی پالیسی کے تحت جلد سے جلد حل کرانے کی کوشش کریں گی۔
ڈی جی نرسنگ نے وائی این اے کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے صوبہ بھر کی نرسز کو پیغام دیں کہ میرے دروازے ان کے لئے ہمہ وقت کھلے ہیں،میری تعیناتی کے دوران ہر نرس کو عزت ملے گی تاہم نرسز کو بھی چاہیے کہ وہ پنجاب کے دور دراز شہروں سے دفتری امور کے مسائل کیلئے ذاتی طور پر آنے کی بجائے تحریری طور پر اپنے مسائل کی نشاندہی کریں،اُن کی شکائیت کا بر وقت ازالہ کر کے انہیں آگاہ کردیا جائے گا۔اس اقدام سے نرسز موسم کی شدت اور سفری اخراجات سے بھی بچ جائیں گی۔
نرسز کے وفد نے ڈی جی نرسنگ کوثر تسنیم کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ آپ جیسی سربراہ نئی نرسز کے لئے رول ماڈل ہیں کیونکہ زمانہ طالب علمی سے لے کر آج تک آپ نے ہمیشہ ڈسپلن کی پابندی اور میرٹ کو ترجیح دی ہے اور اس مقدس ماہ رمضان المبارک میں نرسنگ کے شعبے کا بطور سربراہ چارج سنبھالنا کسی اعزاز سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی ذمہ داری خوش نصیب لوگوں کے حصے میں ہی آتی ہے اور انشاء اللہ آپ ان تقاضوں سے احسن انداز میں عہدہ برآ ہوں گی۔انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نرسنگ کو نرسنگ کمیونٹی کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور اُن کی کامیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔