بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چین کے وزیرِاعظم لی چھیانگ نے بیجنگ میں چائنا ڈیولپمنٹ فورم 2026 کے سالانہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور کلیدی خطاب کیا۔
پیر کے روزلی چھیانگ نےواضح کیا کہ تحفظ پسندی مسائل کا کوئی جادوئی حل نہیں۔ چین غیر متزلزل انداز میں اعلیٰ سطح کی بیرونی کھلے پن کی پالیسی کو آگے بڑھاتا رہے گا، مزید معیاری غیر ملکی مصنوعات درآمد کرے گا اور تمام فریقوں کے ساتھ مل کر تجارت کے متوازن اور بہتر فروغ کے لیے کام کرے گا تاکہ عالمی معیشت کے حجم کو مشترکہ طور پر وسعت دی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ترقی کے ساتھ مسابقت لازمی ہوتی ہے، لیکن مثبت اور صحت مند مسابقت و تعاون باہمی فائدے اور مشترکہ کامیابی کے اسباب ہیں۔ چین منصفانہ مسابقت پر مبنی مارکیٹ نظام کو برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا اور تمام فریقوں کے ساتھ رابطے اور تعاون کو مضبوط بنا کر عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام اور سلامتی کو فروغ دے گا۔
لی چھیانگ نے مزید کہا کہ چین دنیا کے لیے “اعتماد کا ستون” اور “استحکام کا مرکز” بننے کے لیے پرعزم ہے۔ پندرہواں پانچ سالہ منصوبہ نہ صرف چین کی ترقی کا نیا خاکہ ہے بلکہ دنیا کے لیے بھی نئے مواقع فراہم کرتا ہے۔ چین اعلیٰ معیار کی ترقی کو فروغ دے گا، معیشت کی مستحکم نمو کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا، کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنائے گا اور غیر ملکی کمپنیوں کے لیے قومی سلوک کو مکمل طور پر نافذ کرے گا تاکہ دنیا بھر کی کمپنیاں چین میں اعتماد کے ساتھ ترقی کر سکیں اور اپنے کاروبار کو وسعت دے سکیں۔









