با کو (رپورٹنگ آن لائن) سی پی سی سینٹرل کمیٹی کے پولیٹکل بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ ای اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان کی سی آئی سی اے کے سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات ہوئی ۔
وانگ ای نے کہا کہ چین ہمیشہ چین ترکیہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور ترکیہ کے ساتھ مل کر چین ترکیہ تزویراتی تعاون کو نئی بلندی تک پہنچانے کا خواہاں ہے۔ وانگ ای نے کہا کہ چین ترکیہ کی جانب سے متعدد بار چین کے سکیورٹی خدشات کو اہمیت دینے کو سراہتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ترکیہ چین کے بنیادی مفادات سے متعلق امور پر چین کے موقف کو سمجھے گا اور حمایت کرے گا تاکہ دو طرفہ تعلقات کی سیاسی بنیاد کو مستحکم کیا جائے۔چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ اگلے مرحلے میں دونوں فریقوں کو باہمی سرمایہ کاری کے لئے ایک اچھا ماحول پیدا کرنا چاہئیے اور باہمی مفادات نیز جیت جیت تعاون کے لئے” بی آر آئی ” کی مشترکہ تعمیر اور “درمیانی راہداری” منصوبے کو اچھی طرح آگے بڑھانا چاہیئے۔
ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے کہا کہ ترکیہ چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک چینی کاروباری اداروں کے ترکیہ میں سرمایہ کاری کرنے اور چینی سیاحوں کے ترکیہ آنے کا خیر مقدم کرتا ہے تاکہ مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو مزید متوازن ترقی دی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ انسداد دہشت گردی کے حوالے سے چین کے خدشات سمجھتا ہے۔ ترکیہ ایک چین کے اصول اور چین سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری کرے گا اور ترکیہ کی سرزمین کو چین کی سلامتی کے لیےنقصان کا باعث بننے کی اجازت نہیں دے گا ۔
دونوں فریقوں نے مشرق وسطی اور یوکرین بحران سمیت بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔








