بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین کے ریاستی کونسلراور وزیرخارجہ وانگ یی اور ان کے وینزویلا کے ہم منصب فیلکس پلیسینسیا نے پیرکو فون پر طاقت کی سیاست اور دھونس وجبرکے خلاف عالمی برادری کی مشترکہ مزاحمت کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔فیلکس نے کہا کہ وینزویلا چینی شخصیات اور کاروباری اداروں کے خلاف کسی بھی یکطرفہ پابندیوں کی سختی سے مخالفت کرتا ہے اور مینگ وان ژوکے معاملے پر چین کے ٹھوس موقف سے اس کی حوصلہ افزائی ہوئی اور وہ اس سے خوش ہے۔
وانگ نے کہا کہ چین نے ہمیشہ ہر قسم کی طاقت کی سیاست کی مخالفت کی ہے اور وہ کبھی کسی دباو سے خوفزدہ نہیں ہوا اور یہ کہ چینی حکومت کا اپنے شہریوں کے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے حوالے سے موقف غیر متزلزل رہا ہے جس پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے شہریوں کی سیاسی مقاصد اور مختلف حیلے بہانوں سے غیراصولی گرفتاریاں مکمل طور پر دھونس و جبر اور غنڈہ گردی ہے جو بین الاقوامی قوانین اور انسانی ضمیر کے خلاف واضح چیلنج ہے جس کی 21 ویں صدی میں اجازت نہیں دی جاسکتی۔