بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) جب مغربی ممالک میں انتخابی موسم آتا ہے تو میڈیا کی سرخیاں، سڑکوں پر گرم بحث اور عالمی توجہ امیدواروں اور ووٹنگ کے عمل پر مرکوز ہو جاتی ہے۔ سب جانتے ہیں کہ یہ کسی ملک کی سمت کا تعین کرنے والا اہم واقعہ ہوتا ہے۔ اسی طرح چین میں ہر سال بہار میں منعقد ہونے والے دو اجلاس بھی ایک اہم ترین سیاسی واقعہ ہوتے ہیں جن پر پورے ملک کی توجہ مرکوز رہتی ہے۔ ان کی حیثیت اور اہمیت مغربی انتخابات سے کسی طور کم نہیں، مگر طویل عرصے سے مغربی ذرائع ابلاغ انہیں دانستہ طور پر غلط انداز میں پیش کرنے اور کم تر ثابت کرنے کی کوشش کرتا آ رہا ہے۔
بعض مغربی میڈیا ادارے نظریاتی تعصب کے تحت دو اجلاس کو “ربڑ اسٹیمپ” قرار دیتے ہیں اور انہیں محض “رسمی کارروائی” کا نام دیتے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ چین کا سنجیدہ مطالعہ کرنے والے بین الاقوامی مبصرین اس سطحی تعصب کو بہت پہلے ترک کر چکے ہیں اور دو اجلاسوں کو چین کو سمجھنے کا پہلا راستہ قرار دیتے ہیں۔ یہاں سے چین کی ترقی کی سمت، پالیسی سازی کی منطق اور عوامی فلاح و بہبود کی ترجیحات واضح ہوتی ہیں۔ یہ چین کے سیاسی نظام اور سماجی نظم و نسق کو سمجھنے کا سب سے براہِ راست اور معتبر ذریعہ ہے۔ 1.4 ارب چینی عوام کے لیے، دو اجلاسوں سے آنے والے اشارے ان کی روزمرہ زندگی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں، اور ان کی اہمیت کسی “سیاسی جشنِ بہار” سے کم نہیں۔
دو اجلاس سے مراد قومی عوامی کانگریس اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کے سالانہ اجلاس ہیں۔ آپ اسے چین کی سالانہ قومی ترقیاتی کانفرنس بھی سمجھ سکتے ہیں، مگر اس کا دائرہ کہیں وسیع، موضوعات زیادہ عملی اور اثرات زیادہ دور رس ہوتے ہیں۔دو اجلاسوں کے نمائندے اور مندوبین مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمائندگی کرتے ہیں: وہ گاؤں کے سی پی سی پارٹی سکریٹری جو کسانوں کو غربت سے نکالنے میں مدد کرتے ہیں، وہ سائنسدان جو تکنیکی رکاوٹیں توڑتے ہیں، وہ اداکار جو ناظرین میں مقبول ہیں، اور وہ کمیونٹی کارکن جو روزمرہ زندگی کے مسائل سے براہِ راست جڑے ہوتے ہیں ۔
دو اجلاسوں کے دوران، ہزاروں نمائندے اور مندوبین حکومتی ورک رپورٹ پر غور کرتے ہیں، بجٹ کے مسودے کا جائزہ لیتے ہیں، قانونی ترمیم پر بحث کرتے ہیں، اور قومی اور عوامی معاملات کے ہر پہلو پر تجاویز پیش کرتے ہیں۔ یہ بات چیت اور مباحثے آخر کار مخصوص پالیسیوں، قوانین اور مالیاتی انتظامات میں تبدیل ہو جاتے ہیں، جو آنے والے ایک سال یا اس سے بھی زیادہ عرصے تک چین کی ترقی کی سمت پر براہ راست اثر ڈالتے ہیں۔
عام چینی شہریوں کے لیے دو اجلاس کبھی بھی دور کا سیاسی تماشا نہیں ہوتے بلکہ یہ ہر فرد کی زندگی سے جڑے “عوامی فلاح و بہبود کا اجتماع” ہے۔ رہائش کی قیمتوں، تعلیم، صحت کی دیکھ بھال سے لے کر بزرگوں کی دیکھ بھال، روزگار اور آمدورفت جیسے مسائل سے لے کر روزمرہ زندگی کے دیگر معاملات تک، نمائندوں اور مندوبین کی ہر تجویز عوامی زندگی کی حقیقتوں سے جڑی ہوتی ہے اور لوگوں کی توقعات کا جواب دیتی ہے۔ اس سال کے دو اجلاسوں میں پیش کی جانے والی متعدد تجاویز اس قدر عملی ہیں کہ انہیں حقیقی معنوں میں عوامی زندگی سے جڑا ہوا کہا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر تعلیم کے میدان میں والدین کے ذہنی دباؤ،طلبہ کے تعلیمی بوجھ میں کمی اور ان کی پرائمری سے ثانوی اور اعلیٰ اسکول میں منتقلی کے دوران پیش آنے والے مسائل پر توجہ مرکوز کی گئی ہے ۔
سماجی ہمدردی کے حوالے سے ایک نمائندے نے پالتو جانوروں کے تحفظ کے قانون کو جلد از جلد نافذ کرنے کی تجویز پیش کی ۔صحت اور بزرگوں کی نگہداشت کے شعبے میں بعض ارکان نے سینئر نرسوں کو نسخہ لکھنے کا اختیار دینے اور طبی وسائل کو بہتر بنانے کی تجویز دی تاکہ مریضوں کو علاج میں سہولت ہو، جبکہ ایک نمائندے نے بزرگوں کی نگہداشت میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کی بات کی۔ سماجی تحفظ کے میدان میں ایک نمائندے نے دیہی باشندوں کی پنشن میں اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی تاکہ زندگی بھر محنت کرنے والے دیہی بزرگ پر سکون زندگی گزار سکیں ۔
بلاشبہ دو اجلاسوں میں پیش کی جانے والی بعض چھوٹی مگر معنی خیز تجاویز اس عمل کی انسانی گرمجوشی کو بھی نمایاں کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر ایک نمائندے نے عوامی مقامات پر خودکار بیرونی ڈیفبریلیٹر (AED) آلات کی وسیع پیمانے پر تنصیب اور ابتدائی طبی امداد کی تربیت عام کرنے کی تجویز دی، جبکہ ایک نمائندے نے “شہری پاکٹ پارک”کے تصور پر توجہ دلائی اور شہروں کے گوشے گوشےمیں چھوٹی سبز پارکس تعمیر کرنے کا مشورہ دیا تاکہ شہری “کھڑکی کھولیں تو سبزہ دیکھیں اور گھر سے نکلیں تو پارک میں داخل ہوں”۔
اس کے علاوہ لچکدار روزگار رکھنے والوں کے لیے سماجی تحفظ، کم از کم اجرت اور قیمتوں کے درمیان تناسب ، معذور افراد کے لیے قابل رسائی ٹیکسیوں کا عام استعمال وغیرہ جیسے موضوعات بھی زیر بحث آئے۔ یہ تجاویز معاشرتی زندگی، صنعتی ترقی، اور معاشرتی انتظام کے ہر پہلو کا احاطہ کرتی ہیں۔ ان تجاویز میں نہ خالی نعرے ہیں اور نہ ہی جماعتی تنقید، بلکہ حقیقی مسائل کی نشاندہی، عملی حل کی تلاش اور پالیسیوں پر عملدرآمد ہے،یہی دو اجلاسوں کی حقیقی تصویر ہے۔ یہی تجاویز بعد ازاں بازاروں کی قیمتوں، اسکولوں کی کلاسوں، ہسپتالوں کے دواخانوں اور شہری پارکوں کے سبزہ زاروں میں تبدیل ہو جاتی ہیں۔
بین الاقوامی مبصرین کے لیے دو اجلاسوں کو نظر انداز کرنا ایسے ہی ہے جیسے کسی فلم کا صرف ٹریلر دیکھ کر پورے پلاٹ کو سمجھ لینے کا دعویٰ کرنا۔ دو اجلاس چین کے ترقیاتی اہداف کا سالانہ روڈ شو ہیں، سماجی مطالبات کی اجتماعی آواز اور پالیسی میں اصلاح کے لیے ایک اہم ذریعہ ہیں۔ یہاں عظیم قومی حکمتِ عملی بھی موجود ہوتی ہے اور عوامی زندگی کی باریک تفصیلات بھی۔ چین کا سیاسی نظام اپنی منفرد خصوصیات رکھتا ہے۔ یہ ہر چند سال بعد ہونے والے “سیاسی دھوم” پر انحصار نہیں کرتا بلکہ مسلسل حکمرانی کی بہتری اور وسیع تر اتفاقِ رائے کی تشکیل پر زور دیتا ہے۔
بالآخر سیاست دراصل زندگی کی تنظیم کا فن ہے۔ جب کسی شہر کے پارک کی بنچ، کسی بچے کی نگہداشت کے اخراجات اور کسی بزرگ کی دیکھ بھال جیسے مسائل کو بھی قومی سطح کے اعلیٰ ترین ایوان میں سنجیدگی سے زیر بحث لایا جائے تو دنیا کو بھی چاہیے کہ اسے زیادہ سنجیدگی اور احترام کے ساتھ دیکھے۔ دو اجلاس اس قدیم مگر نوجوان ملک کی “سالانہ طبی جائزہ رپورٹ” اور “مستقبل کی ترقی کا نقشہ” ہیں—اور اسے سمجھنا شاید چین کے مستقبل کی سمت کو سمجھنے کا سب سے دانشمندانہ طریقہ ہے۔









