چائنا 11

چین کی صاف توانائی کی ترقی عالمی توانائی کی منتقلی میں معاون ہے، بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) بین الاقوامی توانائی ایجنسی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاتح بیرول نے چائنا میڈیا گروپ کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے تحفظ اور ماحول دوست منتقلی کے درمیان توازن قائم کرنا تمام ممالک کے لیے ایک مشترکہ چیلنج ہے۔

چین کی صاف توانائی کے شعبے میں ترقی اور سبز صنعتوں میں اس کی برتری مزید ممالک کو کم کاربن معیشت کی جانب منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے میں مدد دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دنیا بھر میں جغرافیائی سیاسی تنازعات شدت اختیار کر رہے ہیں اور مختلف ممالک توانائی کی منتقلی کے عمل کو تیز کر رہے ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی ضرورت کے تحت اہم ہے بلکہ اس کا توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی سے بھی گہرا تعلق ہے۔

گزشتہ دس برسوں کے دوران فاتح بیرول کئی مرتبہ چین کا دورہ کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مختلف ممالک کی جانب سے ماحول دوست توانائی کی جانب منتقلی کے راستے تلاش کرنے کے دوران چین کی صاف توانائی کی صنعت میں ہونے والی ترقی اور اس شعبے میں حاصل کی گئی کامیابیوں نے ان پر گہرا تاثر چھوڑا ہے۔ان کے مطابق صاف توانائی کی ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر عملی استعمال میں لانا بھی ایک اہم مسئلہ ہے، جسے توانائی کی منتقلی کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے مختلف ممالک کو حل کرنا ہوگا۔ چین کی صنعتی اور تکنیکی برتری نے بین الاقوامی تعاون کے ذریعے مزید ممالک کے لیے ماحول دوست تبدیلی کے عمل کو تیز کرنے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں