اقوام متحدہ (رپورٹنگ آن لائن) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے فو چھونگ نے چھ اکتوبر کو “خواتین، امن اور سلامتی” کے موضوع پر سلامتی کونسل کے کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مل کر خواتین کے امور کی ترقی کو فروغ دیں۔
فو چھونگ نے کہا کہ اس سال خواتین سے متعلق بیجنگ عالمی کانفرنس کے انعقاد کی 30 ویں سالگرہ اور “خواتین، امن اور سلامتی” سے متعلق سلامتی کونسل کی قرارداد 1325 کی منظوری کی 25ویں سالگرہ ہے۔ اس وقت بین الاقوامی صورتحال ہنگامہ خیز ہے اور خواتین کے خلاف تشدد، امتیازی سلوک اور معاشی عدم مساوات اب بھی موجود ہے۔ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور خواتین سے متعلق امور کی ترقی کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی برادری سے تعاون کو مضبوط کرنے اور مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
سب سے پہلے، تنازعات کی روک تھام اور حل کو پائیدار بنانا چاہیے، تاکہ خواتین کے لیے ایک پرامن اور مستحکم ماحول پیدا کیا جا سکے ۔ دوسرا، ہمیں خواتین کو بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کی حمایت کرنی چاہیے۔ تمام ممالک کو خواتین اور لڑکیوں کے لیے معیاری تعلیم فراہم کرنا چاہیے، اور خواتین کے لیے سماجی تحفظ کی سطح کو بہتر اور مکمل کرنا چاہیے۔تیسرا، خواتین کے شعبے میں تبادلے اور تعاون کو فروغ دیا جانا چاہیئے ۔
فو چھونگ نے کہا کہ چین عنقریب بیجنگ میں خواتین سے متعلق عالمی سربراہی اجلاس منعقد کرے گا تاکہ اتحاد اور تعاون پر وسیع اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے اور عالمی خواتین کےامور کی ترقی میں نئی تحریک پیدا کی جا سکے۔