چینی وزیر اعظم 30

چین برطانیہ کے ساتھ تمام شعبوں میں زیادہ تبادلے کرنے کا خواہاں ہے، چینی وزیر اعظم

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن) چینی وزیر اعظم لی چھیانگ نے چین کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کے ساتھ بیجنگ میں بات چیت کی۔ جمعرات کے روز لی چھیانگ نے کہا کہ چین برطانیہ کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کے مرکزی مفادات اور اہم خدشات کا احترام کرنے، تزویراتی رابطے اور باہمی اعتماد کی بنیاد کو مضبوط بنانے، مختلف شعبوں میں تعاون کو گہرا کرنے اور دوطرفہ تعلقات کی مستحکم اور طویل مدتی ترقی کو فروغ دینے کے لیے تیار ہے۔

چین بین الحکومتی مکالمے اور تعاون کے میکانزم کو بہتر بنانے کے لیے برطانیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے اور تمام سطحوں اور تمام شعبوں میں زیادہ تبادلے کرنے کا خواہاں ہے۔ چینی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ چین اور برطانیہ کو بڑی طاقتوں کے طور پر اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے وقار کو برقرار رکھنا چاہیے اور کثیرالجہتی اور آزاد تجارت کا تحفظ کرنا چاہیے تاکہ بین الاقوامی نظم و نسق کی ترقی کو زیادہ منصفانہ اور معقول سمت میں فروغ دیا جائے۔ اسٹارمر نے کہا کہ برطانیہ چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور بات چیت کو مضبوط کرنے، کھلی اور آزاد تجارت کی حمایت کرنے اور معیشت، تجارت اور ثقافت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ چینی کمپنیوں کی جانب سے برطانیہ میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتا ہے۔

برطانیہ مشترکہ طور پر عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے چین کے ساتھ کثیرالجہتی تعاون کو مضبوط کرنے کے لیے تیار ہے۔ بات چیت کے بعد، دونوں وزرائے اعظم نے تجارت، زراعت اور خوراک، میڈیا، تعلیم اور مارکیٹ ریگولیشن کے شعبوں میں تعاون کی متعدد دستاویزات پر دستخط کا مشاہدہ کیا۔چین کی قومی عوامی کانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین چاؤ لہ جی نے بھی بیجنگ میں برطانوی وزیر اعظم اسٹارمر سے ملاقات کی۔ چاؤ لہ جی نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے قانون ساز اداروں کے درمیان معمول کے تبادلوں کی بحالی کے لیے برطانیہ کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں