چینی وزارت خارجہ

چین امریکہ سربراہان مملکت کی ملاقات دوررس اہمیت کی حامل ہے ،چینی وزارت خارجہ

بیجنگ(رپورٹنگ آن لائن) چینی وزارت خارجہ کے ترجمان چائو لی جیان نے کہاہے کہ اس وقت دنیا کو بدستور وبا کا سامنا ہے،عالمی معیشت کی بحالی کو متعدد غیر یقینی اور غیر مستحکم عوامل کا سامنا ہے۔۔میڈیا بریفنگ میں انہوںنے کہا کہ چین،امریکہ سربراہان مملکت کی ملاقات آئندہ مرحلے میں چین امریکہ تعلقات کی ترقی کے حوالے سے دور رس اہمیت کی حامل ہے۔ترجمان نے کہا کہ فریقین کو تعلقات کا مستقبل مد نظر رکھنا چاہیے، چین کا رویہ دوطرفہ تعلقات کی ترقی کے حوالے سے تمام سازگار آپشنز کیلئے کھلا ہے۔ترجمان نے واضح کیا کہ چینی صدر نے امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے تین اصولوں” باہمی احترام، پرامن بقائے باہمی اور جیت،جیت تعاون”کی نشاندہی کی ہے۔

چین اور امریکہ کے حالیہ تعلقات ایک نازک موڑ پر ہیں، چین امید کرتا ہے کہ امریکہ چین کے ساتھ مل کر دونوں سربراہان مملکت کے درمیان ملاقات کی روح کو عملی جامہ پہنائے گا ، بات چیت اور رابطے کو برقرار رکھے گا، تبادلوں کو مضبوط کرے گااور دو طرفہ تعلقات کو صحت مند اور مستحکم ترقی کی راہ پر گامزن رکھے گا۔چائو لی جیان نے اس بات پر زور دیا کہ امریکہ کو دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں اور اقوام متحدہ سے منظورشدہ قراردادوں کی پاسداری کرنی چاہیے۔ عالمی سطح پر مقبول اور مستند رجحان کی روشنی میں ایک چین کے اصول کی پاسداری کرنی چاہیے اور چینی عوام اور عالمی برادری کا اعتماد جیتنے کے لئے عملی اقدامات کرنے چاہئے۔