اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت اور عظیم نظریے و لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آج بھی یوم پاکستان جیسے جذبے، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ عزم و وفا کی انمٹ داستان اور ہماری قومی یکجہتی و استقامت کی علامت ہے، بانیانِ پاکستان اورتحریک پاکستان کے شہداء کو زبردست الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 ہماری تاریخ کا وہ سنہرا باب ہے جب ہمارے آباؤ اجداد نے علیحدہ وطن کی بنیاد رکھی، لاہور کے تاریخی اجتماع میں کیا گیا وعدہ صرف 7 برس بعد پاکستان کی صورت میں ایفا ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی انمول نعمت اور ایک عظیم نظریے و لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، قراردادِ لاہور نے واضح پیغام دیا کہ مسلمان الگ قوم ہیں اور انہیں سیاسی، معاشی اور جغرافیائی خودمختاری درکار ہے، یومِ پاکستان ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومیں نظریات، اتحاد اور مسلسل جدوجہد سے زندہ رہتی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ قومی یکجہتی، خودداری اور ترقی کے عزم کی تجدید کا دن ہے، پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کے لئے آج بھی یوم پاکستان جیسے جذبے، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم جیسے سنہری اصول ہی کامیابی کی ضمانت ہیں، بحیثیت قوم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ ہم وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئیے آج اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو عملی طور پر اپنائیں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جا سکے۔









